عید نامہ

کہیں بس پر پڑھا تھا کہ 'یاراں نال بہاراں'۔ اس جملے کے صحیح معنی ہمیں اس عید پر معلوم ہوئے جب قریباً تین سال بعد اس عید پر سارے دوست ایک ہی وقت میں عید منانے آن ٹپکے اور صحیح معنوں میں لطف دوبالا ہوگیا۔
دوست بھلے ہی عید کی رنگینیوں کا بڑا حصہ ہوتے ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اگر آپ خود زندہ دل ہوں اور کسی تہوار یا خوشی کو صحیح معنوں میں منانا چاہتے ہوں تو اصل مزہ اسی وقت آتا ہے۔ خود میری عید بیتی یوں ہوتی ہے کہ عید کے دن سوئے اور کہیں گئے نہیں اور عید کا مزہ نہیں آیا۔ بندہ پوچھے جب سوتے رہے اور کہیں گئے ہی نہیں تو مزہ خاک آئیگا۔ ہاں اگر کہیں جانے کی جگہ نہ ہو تو بھاڑ نامی جزیرہ بُری جگہ نہیں۔ :wink:
ہماری عید کہانی ہمیشہ اسلام آباد سے شروع ہوتی ہے، جس کی وجہ سے آغاز زرا پھیکا ہوتا ہے۔ ظاہر ہے جب آپ عید پر اسلام آباد کی 80 فیصد(کچھ زیادہ تو نہیں بول گیا؟) آبادی کی چہل پہل غائب پائینگے تو پھیکا تو ہونا ہی ہے۔ سو اب کی بار بھی یہی ہوا اور اوپر سے عین آخری موقع پر ہماری ایک موبائل آپریٹر سے کنکشن ٹنل خراب ہوگئ، جس کا خمیازہ مجھے 4گھنٹے تاخیر سے روانگی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ خیر جیسے تیسے ہم مغرب کے بعد ہلکی بارش میں راولپنڈی روانہ ہوئے جہاں کوہاٹ جانے والی آخری گاڑی شاید ہمارے ساتھ ساتھ کچھ اور مسافروں کی منتظر تھی۔ یہاں ایک ٹپ نوٹ کریں کہ عید کے دنوں کے رش سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ سب سے آخری دن کے آخری اوقات میں جایا کریں، خیر ممکن ہے بڑے شہروں کیلیے یہ طریقہ کارگر نہ ہو۔ ہم جس گاڑی میں کوہاٹ روانہ ہوئے اس کی حالت قابل رحم تھی۔ رات کا وقت، بارش کے بعد دھند اور گاڑی کی لائٹوں کی روشنی بمشکل ۵ میٹر تک محدود۔ ڈھائی گھنٹے کا فاصلہ 4 گھنٹے میں طے ہوا۔
عید کی صبح، اباجی کی نصیحت نظر انداز کرتے ہوئے ہم نے ناشتہ کیا اور کپڑے بدل کے نماز پڑھنے چلے گئے۔ میرے والد عید گاہ جاتے ہیں جبکہ میں بازار میں واقع جامع مسجد، کیونکہ میرے زیادہ جاننے والے وہیں ہیں۔ عید کے بعد میری پکی عادت ہے کہ مسجد کے قریب واقع دوست کے گھر سب سے پہلے جاتا ہوں جہاں چاول یا مٹھائی میری منتظر ہوتی ہے۔ وہاں سے فارغ ہو کر میں گھر روانہ ہوا اور امی، ابو، بھائیوں، بھابھیوں وغیرہ وغیرہ سے ملنے کے بعد قربانی کی تیاریاں شروع۔ ہماری ہاں کوشش ہوتی ہے کہ قربانی ظہر کے نماز سے پہلے مکمل کر لی جائے، اسلئے نمازِ عید کے فوراً بعد قربانی کی تیاری شروع ہو جاتی ہے۔
پچھلے سال کی طرح اس دفعہ بھی ہماری گائے خاصی جمناسٹک کی شوقین تھی لیکن پچھلے والی سے زرا شریف۔ تاہم میں اپنے بھائی کیطرف سے دوسری قربانی میں تھا جہاں کی گائے، 'اللہ میاں کی گائے' کے مصداق تھی۔ ہم نے آرام سے رسی سے باندھا اور موصوفہ شرافت سے زمین پر آ رہی۔ ہم سے کچھ ہی فاصلے پر والد صاحب کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ قربانی کر رہے تھے۔ انکی گائے زرا مشکل سے سر بسجود ہوئی۔ زبح ہونے کے بعد میرا کام صرف ٹانگیں پکڑنا ہوتا ہے تاکہ گائے کی کھال 'اتاری' جا سکے۔
یہاں کھال کے بارے میں بتاتا چلوں کہ ہمارے یہاں کھال کے حصول کے معاملات میں صرف قصائی یا بیوپاری حضرات شامل ہوتے ہیں۔ تنظیموں وغیرہ کا ٹارگٹ شہر ہی ہوتے ہیں۔ ہمارے یہاں مدرسے ہی واحد تنظیم ہوتے ہیں جو اس 'جنگ' میں ایک فریق ہوتے ہیں لیکن کبھی نہیں سنا کہ اس معاملے میں مار کٹائی کی نوبت آئی ہو۔
عموماً ہم عید کے دوسرے دن ہی رشتہ داروں کے گھر جاتے ہیں، اگر قریب ہوں تو شام میں ہو آتے ہیں۔ چونکہ میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں رشتہ داروں سے زیادہ دوست پیارے ہوتے ہیں، اسلئے میرے لیے عید کی سب سے بڑی خوشی دوستوں سے ملاقات اور گپ شپ ہوتی ہے۔ اس دفعہ تمام دوست بشمول بیرون ملک مقیم، عید کے موقع پر موجود تھے، اس لئے عید توقع سے زیادہ اچھی گزری۔
(زکام اور سر درد کیوجہ سے کچھ بے ربط سے پوسٹ ہو گئی، طبیعت سنبھلتے ہی بمعہ تصاویر اپ ڈیٹ کرتا ہوں)۔

3 آراء دی گئیں »

ڈفر بتاریخ: ہفتہ، 13 دسمبر 2008 بوقت: 8:44 pm

میری عید بھی بس دوستوں کے ساتھ ہی ہوتی ہے، گھت پر رہو تو بس بوریت ہی بوریت، اور اس بوریت کو ختم کرنے کے لئے سونا اور صرف سونا۔ میں تو کہتا ہوں کہ عید کے علاوہ میرا ہر دن عید ہوتا ہے،، اور دوستون کی تو کیا باات ہوتی ہے، اور اگر میرا کوئی دوست پڑھ رہا ہے تو اُن ۔۔۔ کو کہنا ہے کہ زیادہ چوڑے نا ہوں :mrgreen:
پوسٹ بالکل بے ربط نہیں ہوئی بلکہ عمدگی سے لکھی گئی ہے، تصویروں کا انتطار رہے گا :smile:

ڈفر بتاریخ: ہفتہ، 13 دسمبر 2008 بوقت: 8:46 pm

اوپر گھت نہیں گھر لکھنا تھا
آپکی بیماری کے لئے ہماری ”شبھ کامنائیں“ آپکے ساتھ ہیں :razz:

اسماء بتاریخ: اتوار، 14 دسمبر 2008 بوقت: 2:08 am

آہ ہا، میں بھی صبح جب نماز پڑھنے نکلی تو ہو کا عالم تھا۔ گو کہ رات تک کچھ چہل پہل ہوگئی تھی۔

80 فیصد آبادی کسی زمانے میں غاۃب ہوتی تھی، اب تو نہیں۔

عید مبارک :smile:

اپنی رائے دیں

Englishاردو

Englishاردو